اسلام آباد (سب نیوز)قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ نے ایوان کے اجلاس کے لیے گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اپوزیشن کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے اپوزیشن کے گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط ارسال کردیا ہے۔عامر ڈوگر نے اسپیکر ایاز صادق کو ارسال کردہ خط میں مطالبہ کیا ہے کہ اپوزیشن کے گرفتار 9 ارکان کے اجلاس میں شرکت کے لیے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں، کسی بھی حلقے کو قومی اسمبلی میں نمائندگی سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔
اپوزیشن کا موقف ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی تمام گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کریں اور درخواست کی گئی ہے کہ قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے رول 108 کے تحت پروڈکشن آرڈرز جاری کیے جائیں۔عامر ڈوگر کے مطابق گرفتار اراکین میں حاجی امتیاز احمد چوہدری، جمال احسن خان، میاں غوث محمد، ثنا اللہ خان مستی خیل، داوڑ خان کنڈی، جنید اکبر، امجد علی خان، فضل محمد خان اور عادل خان بازی شامل ہیں لہذا ان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کریں۔
عامر ڈوگر کا قومی اسمبلی کے گرفتار9 ارکان کے پروڈکشن آڈردز جاری کرنے کیلئے اسپیکر ایاز صادق کو خط
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
