ہومپاکستانوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے یورپی کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر کی ملاقات، غیر قانونی مائیگریشن کے خاتمے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے یورپی کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر کی ملاقات، غیر قانونی مائیگریشن کے خاتمے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے یورپی کمشنر برائے داخلی امور و مائیگریشن میگنس برنر کی ملاقات ہوئی، جس میں غیر قانونی مائیگریشن کی روک تھام، قانونی امیگریشن کے فروغ اور ہنرمند افرادی قوت کے لیے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے، میگنس برنر نے غیر قانونی مائیگریشن کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مثر اقدامات کے باعث یورپ کی جانب غیر قانونی مائیگریشن میں 64 فیصد کمی قابل ستائش ہے، ایف آئی اے نے محدود وسائل کے باوجود پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ غیر قانونی مائیگریشن میں کمی سے قانونی مائیگریشن کی راہیں کھلیں گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی مائیگریشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، غیر قانونی مائیگریشن میں 64 فیصد کمی کے بعد ہمارا اگلا ہدف اس کا 100 فیصد خاتمہ ہے، یہ ایک انتہائی سنجیدہ عالمی مسئلہ ہے، جس کے مکمل خاتمے کے لیے پاکستان اور یورپی یونین کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ملاقات میں بارڈر سکیورٹی اور قانونی امیگریشن کے فروغ کے لیے اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں فریقین نے امیگریشن، ادارہ جاتی تعاون اور سرحدی نظم و نسق کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے اور غیر قانونی مائیگریشن کے خاتمے کے لیے یورپی یونین کے ایسٹرن کوریڈور انیشیٹو پر مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کوسٹ گارڈز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے باہمی تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، یورپی کمشنر نے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں سیکرٹری داخلہ، سپیشل و ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔