ہومپاکستانصدر مملکت آصف علی زرداری سے آذربائیجان کے نامزد سفیر کی ملاقات، اسنادِ سفارت پیش

صدر مملکت آصف علی زرداری سے آذربائیجان کے نامزد سفیر کی ملاقات، اسنادِ سفارت پیش

اسلام آباد(سب نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے جمہوریہ آذربائیجان کے نامزد سفیر عرفان شکیروغلو داوودوف نے پیر کو ایوانِ صدر میں ملاقات کی اور اپنی اسنادِ سفارت پیش کیں۔صدر مملکت نے آذربائیجان کے نامزد سفیر کو پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے کامیابی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، اقتصادی تعاون کے فروغ اور تجارت و سرمایہ کاری میں اضافے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مضبوط سیاسی روابط کو تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مزید ٹھوس تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے توانائی، علاقائی رابطوں اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔ صدر مملکت نے دفاعی صنعتی تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست فضائی روابط سیاحت کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سیکریٹری خارجہ آصف افتخار احمد بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔