اسلام آباد (سب نیوز)انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف ایک روز سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ 14 اکتوبر کو اسلام آباد میں رپورٹ کرے گا۔ سیریز کا باقاعدہ آغاز 18 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہوگا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا پر مشتمل سہ فریقی ون ڈے سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے اراکین 14 اکتوبر کو اسلام آباد میں رپورٹ کریں گے۔قومی اسکواڈ میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم، فہیم اشرف اور حارث رف سمیت دیگر سرکردہ کھلاڑی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سلمان علی آغا، محمد غازی غوری اور سعد بیگ بھی اسکواڈ کا اہم حصہ ہیں۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق پاکستان کا 16 رکنی ایک روزہ اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، ابرار احمد، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، بابر اعظم، فہیم اشرف، فخر زمان، محمد غازی غوری (وکٹ کیپر)، حارث روف، حسن نواز، نسیم شاہ، رضا اللہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، شاداب خان اور سفیان مقیم شامل ہیں۔
ایک روزہ سہ فریقی سیریز کا آغاز 18 اکتوبر کو راولپنڈی سے ہوگا، جہاں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں میزبان پاکستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔اس کے بعد پاکستان ٹیم 20 اکتوبر کو اسی مقام پر انگلینڈ کے خلاف مدِمقابل ہو گی۔ گروپ مرحلے کے ابتدائی میچز کے بعد سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں 22 اکتوبر کو راولپنڈی میں ہی ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔اس کے بعد تمام ٹیمیں لاہور منتقل ہوں گی جہاں گروپ مرحلے کے باقی ماندہ میچز کھیلے جائیں گے۔ پاکستان اور انگلینڈ کا ٹاکرا 25 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا، جبکہ 27 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں اسی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔
گروپ مرحلے کا آخری میچ 29 اکتوبر کو سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جبکہ ٹورنامنٹ کی 2 بہترین ٹیموں کے درمیان فائنل معرکہ 31 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں طے شدہ ہے۔پاکستان ٹیم اس وقت راولپنڈی میں سری لنکا کے خلاف 3 میچوں کی ٹی20 سیریز میں مصروف ہے۔قومی ٹیم نے ابتدائی دونوں میچز میں شاندار کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر رکھی ہے، جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ منگل کو کھیلا جائے گا۔ٹی 20 سیریز کے اختتام کے فورا بعد انگلینڈ کی ٹیم سہ فریقی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی، جو 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور کے میدانوں میں منعقد ہوگی۔
سہ فریقی ون ڈے سیریز، قومی کرکٹ اسکواڈ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں 14اکتوبر کو اسلام آباد طلب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
