ہومپاکستانخیبرپختونخوا میں تبدیلی خوش آئند ہے، اب دہشتگردوں کیساتھ جنگ پوری قوت سے لڑی جائے گی، عطا اللہ تارڑ

خیبرپختونخوا میں تبدیلی خوش آئند ہے، اب دہشتگردوں کیساتھ جنگ پوری قوت سے لڑی جائے گی، عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کو کھلی چھوٹ نہیں دی جا سکتی، صوبائی حکومت نے دہشتگردی کے خلاف موثر اقدامات نہیں کیے اور 13سال میں اس مسئلے پر قابو پانے میں ناکام رہی، خیبر پختونخوا میں خوش آئند تبدیلی کا خیرمقدم کرتے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے لڑی جائے گی۔
اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی کے بدلتے منظر نامے پر کانفرنس سے خطاب میں عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)کو متحرک کیوں نہیں کیا گیا؟ کئی اضلاع میں سیف سٹی کیمرے نصب نہیں کیے گئے اور پولیس کو جدید اسلحہ بھی فراہم نہیں کیا گیا۔ صوبائی معاملات کو نظر انداز کیا گیا، حالاں کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشتگردی کے باعث لوگوں کو شہید کیا جاتا رہا، لیکن صوبائی حکومت غافل رہی۔ جب پانی سر سے گزر گیا تو یہ انتہائی قدم اٹھایا گیا۔ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا اقدام عوام کے تحفظ کے لیے کیا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ این ایف سی کے تحت صوبے کو ملنے والے فنڈز کہاں خرچ ہوئے؟۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان آج دہشتگردی اور انتہا پسندی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دیں اور 100 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان اٹھایا۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ کر دنیا کو محفوظ بنانے میں کردار ادا کیا اور اس کی قربانیوں کے باعث ملک محفوظ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف فورمز پر افغان حکام سے دہشتگردی کے خاتمے میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔ افغانستان میں 20 ہزار سے زائد دہشتگرد موجود ہیں، جن میں تحریک طالبان پاکستان کے 6 ہزار سے زیادہ دہشتگرد شامل ہیں۔ دہشتگرد افغان سرزمین پر محفوظ پناہ گاہوں میں موجود ہیں اور وہاں تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور مستحکم افغانستان چاہتا ہے، جو پاکستان اور پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 40 سال تک 40 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی اور افغان عوام کے لیے پاکستان کی مہمان نوازی اور محبت دنیا کے سامنے ہے۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں قیام امن کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کا کردار دنیا کے سامنے ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے قیام امن کے لیے اہم کردار ادا کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی سے کہا تھا کہ بانی سے ملاقات بھی ہو جائے گی، تاہم دہشتگردی کے خلاف حکمت عملی پر بھی بات ہونی چاہیے۔ خیبر پختونخوا کے عوام محب وطن ہیں اور ان کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ضروری ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔