ہومپاکستانحکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے رابطے تیز

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے رابطے تیز

اسلام آباد (سب نیوز)حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے اور مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے رابطے تیز ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
جماعت اسلامی کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران انہیں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے وعدے کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کے خواہشمند ہیں۔دونوں رہنماوں کے درمیان طے پایا ہے کہ سربراہان کی ملاقات سے قبل فریقین کی مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے واضح ایجنڈے اور معاشی نکات پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
گفتگو کے دوران لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی درخواست پر ہی سپر لانگ مارچ میں وقفہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ عوام کے لیے حقیقی ریلیف ہوگا اور جب تک عوام کو بڑا ریلیف پیکج نہیں مل جاتا، جماعت اسلامی کی تحریک جاری رہے گی۔جماعت اسلامی کے رہنما نے رانا ثنا اللہ خان کو آگاہ کیا کہ لیوی کے خلاف ملک بھر میں جلسوں، محضر ناموں اور عوامی دستخطی مہم کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔