اسلام آباد (سب نیوز) — او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری سے پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے او آئی سی کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں اعلیٰ تعلیم، سائنسی تحقیق اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں کامسٹیک اور یونیورسٹی آف لاہور (یو او ایل) کے اشتراک سے بنگلہ دیشی طلبہ کے لیے جاری فیلوشپ پروگرام خصوصی توجہ کا مرکز رہا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اب تک 28 بنگلہ دیشی طلبہ پاکستان پہنچ چکے ہیں، جبکہ 84 طلبہ کو فیلوشپ کے خطوط جاری کیے جا چکے ہیں۔ پروگرام کے تحت مزید طلبہ کے لیے بھی مختلف مواقع دستیاب ہیں۔
دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ فیلوشپ پروگرام کو وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ بنگلہ دیشی طلبہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی سرگرمیوں سے مستفید ہو سکیں۔
ملاقات کے دوران کامسٹیک بنگلہ دیش پروگرام اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی و سائنسی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ تعلیمی اداروں اور تحقیقی مراکز کے مابین تعاون کو فروغ دے کر مشترکہ علمی سرگرمیوں کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر اقبال حسین خان نے بنگلہ دیش کے لیے او آئی سی کامسٹیک کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے میں ہائی کمیشن کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی، سائنسی اور تحقیقی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
او آئی سی کامسٹیک اور بنگلہ دیش کے درمیان اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
