اسلام آباد،: عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں سفیر عزت مآب جیانگ زی ڈونگ نے چینی سفارتخانے کے وفد کے ہمراہ آج وزیراعظم ہاؤس میں پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور اقتصادی و تزویراتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حمزہ شہباز شریف نے چین کے 77ویں قومی دن کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور ون چائنا پالیسی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ چین کی دیرینہ دوستی اور مسلسل تعاون کو سراہا۔
دونوں جانب سے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، بالخصوص چین پاکستان آزاد تجارتی معاہدے (CPFTA) اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت مزید تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔
سفیر جیانگ زی ڈونگ نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے حمزہ شہباز شریف کی کاوشوں کو سراہا۔ دونوں جانب نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور بات چیت کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
چینی سفارتخانے کے منسٹر کونسلر مسٹر شو ہانگ تیان اور وزیراعظم کے قانونی مشیر علی رضا شاہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔
