اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی پولیس نے گزشتہ 3 ماہ کے دوران جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیوں میں 16 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان اصل مالکان کے حوالے کیا ہے۔اسلام آباد پولیس کے مطابق، پولیس نے اسی عرصے میں مختلف جرائم میں ملوث 19 گروہوں کے 88 ملزمان کو گرفتاربھی کیا ہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن سلیمان ظفر نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کے دوران کارروائیوں کی تفصیلات بتائیں۔اس موقع پر برآمد شدہ مسروقہ گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، نقدی، طلائی زیورات، لیپ ٹاپ اور قیمتی موبائل فونز ان کے اصل مالکان کے حوالے کرنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔اسلام آباد پولیس کے رابری اینڈ ڈکیتی یونٹ اور اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف گروہوں کے ارکان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے مال مسروقہ برآمد کیا۔
پولیس کے رابری اینڈ ڈکیتی یونٹ نے 8 گروہوں کے 30 ارکان سمیت مجموعی طور پر 61 ملزمان کو گرفتار کیا، جبکہ 7 کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔اینٹی وہیکل لفٹنگ یونٹ نے بھی کارروائیوں کے دوران گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث 11 منظم گروہوں کے 27 ملزمان کو گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق اس کارروائی میں 8 کروڑ 82 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 35 سے زیادہ قیمتی گاڑیاں اور 21 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اغوا برائے تاوان میں ملوث 2 گروہوں کے 9 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا اور ایک کروڑ 5 لاکھ روپے برآمد کیے گئے۔اسی طرح ڈکیتی اور سرقہ بالجبر کے 4 گروہوں کے 16 ملزمان گرفتار کرکے 10 کروڑ 60 لاکھ 65 ہزار روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کرنے کی اطلاع دی گئی۔دیگر 8 مقدمات میں بھی 14 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 4 کروڑ 62 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کا سامان برآمد کیا گیا۔پولیس کے مطابق برآمد شدہ سامان میں قیمتی گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، نقدی، طلائی زیورات، لیپ ٹاپ اور موبائل فون شامل ہیں، جو متعلقہ قانونی کارروائی کے بعد مالکان کے حوالے کیے گئے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن سلیمان ظفر نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسلام آباد پولیس کی کارروائیاں، 16کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
