اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں گیس کی طلب و رسد اور آئندہ موسم سرما کے لیے پیشگی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے جامع لائحہ عمل ترتیب دینے اور تمام ضروری پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گیس لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی پر عملدرآمد کے حوالے سے بھرپور عوامی آگہی مہم چلائی جائے۔
وزیراعظم نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلا تعطل درآمد کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے کیے جانے والے پیشگی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی گیس کی فراہمی میں گھریلو صارفین کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ بجلی کی پیداوار اور صنعتوں کے لیے آر ایل این جی کو ترجیح حاصل ہوگی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گھریلو سطح پر مقامی گیس کی جگہ متبادل ذرائع توانائی کے فروغ کے حوالے سے عوامی آگہی مہم شروع کی جائے گی۔ ملک کے شمالی علاقوں میں موجود گیس کے ذخائر سے بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ واٹر اور اسپیس ہیٹنگ کے لیے بجلی سے چلنے والے آلات کے حوالے سے بینک فنانسنگ کی سہولت متعارف کروانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
