ہومپاکستانآئی ایم ایف مذاکرات، حکومت نے وفد کیساتھ ڈسکوز کی نجکاری کا پلان اور ٹائم لائن شیئر کردیا

آئی ایم ایف مذاکرات، حکومت نے وفد کیساتھ ڈسکوز کی نجکاری کا پلان اور ٹائم لائن شیئر کردیا

اسلام آباد (آئی پی ایس )پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان چوتھے اقتصادی جائزہ مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے،حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا پلان اور ٹائم لائن بھی آئی ایم ایف سے شیئر کردی ہے۔ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں فیسکو،گیپکو اور آئیسکوکی نجکاری مارچ 2027 تک مکمل کرنیکامنصوبہ ہے،فیسکوکی نجکاری جنوری،گیپکوکی فروری اورآئیسکو کی مارچ 2027 میں متوقع ہے،حیدرآباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنیوں کی نجکاری اپریل سے جون 2027 جبکہ پشاور،ہزارہ، لاہور اور ملتان ڈسکوزکی نجکاری دسمبر 2027 تک مکمل کرنے کا ہدف مقررکیاگیا،کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی نجکاری کے منصوبے میں شامل نہیں۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے بجلی کے شعبے میں ایک ہزار 675ارب روپے کے گردشی قرضے پر تحفظات کا اظہارکیااور 200 یونٹ تک بجلی صارفین کے لیے کراس سبسڈی ختم کرنیکا مطالبہ کیا،حکومت کی جانب سے جنوری 2027 سے 200 یونٹ تک صارفین کو بی آئی ایس پی کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے مالی سال 2026-27کے لیے بجلی کے شعبے میں 830ارب روپے کی سبسڈی مختص کر رکھی ہے۔ گزشتہ مالی سال 10ڈسکوز نے 299ارب روپے کا نقصان کیا جبکہ انہیں 551ارب روپے کی سبسڈی دی گئی، یوں ڈسکوز پر مجموعی سالانہ مالی بوجھ 850 ارب روپے تک پہنچ گیا۔آئی ایم ایف نے ڈسکوز کی نجکاری کے مجوزہ طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے ہیں،حکومت نجکاری کے بعد بھی ملک بھرمیں یکساں بجلی ٹیرف برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے،جس کے تحت موثر ڈسکوز کے صارفین بھی کمزور کمپنیوں کے نقصانات کا بوجھ اٹھائیں گے۔ذرائع کے مطابق حکومت ڈسکوز کے پرانے اربوں روپے کے واجبات الگ کرکے اسپیشل پرپز وہیکل میں منتقل کرنیکا منصوبہ بھی رکھتی ہے،فریقین میں اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں اسٹاف لیول معاہدے کے لیے ورچوئل مذاکرات ہوں گے،آئی ایم ایف جائزہ مشن آئندہ چند روز میں پاکستان سے واپس روانہ ہوجائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔