کراچی (سب نیوز)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی قیادت کو دہشتگردی کے خلاف ریاست کی مدد نہ کرنے پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے دہشت گردی کے خلاف وفاق کا ساتھ نہیں دیا تو پھر شاید خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کی طرف جانا پڑے، خیبر پختونخوا میں ہر دوسرے دن دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں اور پی ٹی آئی کا دھیان سیاست پر ہے، نہیں چاہتے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگا کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا پڑے، پی ٹی آئی کا احتجاج بڑی حد تک کامیاب ہو چکا ہے، اسلام آباد 10 دن سے بند پڑا ہے، اب پی ٹی آئی لانگ مارچ ختم کرکے معاملے کا سیاسی حل نکالے، سیاسی بحران کو قومی مفاد سے الگ رکھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھا کہ ہم نے وفاق کو پی ٹی آئی سے مذاکرات کا کہا کہ پیپلز پارٹی دہشت گردی کو اہم ایشو سمجھتی ہے، چاہتے ہیں کہ مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں اگر حالات بگڑتے ہیں تو اس کے اثرات پورے ملک میں پھیلیں گے، احتجاج سیاسی جماعت کا حق ہے، کے پی حکومت دہشتگردی کے مسئلے کواہمیت نہیں دیتی تو ایمرجنسی یا گورنر راج کے لیے وفاق کی حمایت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر دوسرے دن کے پی کے میں دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں، افغانستان کی جانب سے بھی حملے ہو رہے ہیں،شاید وزیراعظم نے مائنڈ بنا لیا تھاکہ کے پی میں ایمرجنسی لگائیں، اس سے پہلے ہماری کوشش ہونی چاہیے ، سیاسی جماعتیں اسکا حل ڈھونڈیں، اسلام آباد دس دن سے تو بند پڑا ہوا ہے، کے پی حکومت دہشتگردی روکنے میں وفاق کا ساتھ دے، اگر کے پی حکومت نے ساتھ نہ دیاتوہماری مجبوری ہوگی کہ ایمرجنسی میں وفاق کا ساتھ دیں، پی ٹی آئی لانگ مارچ کو ختم کرے،دہشت گردی ختم کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے معاہدہ کریں،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔
