اسلام آباد (سب نیوز)رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا ہے کہ دو دن سے ایڑی چوٹی کا زور لگایا کہ ملک کو انتشار سے بچایا جائے، ہم مستقبل مزاجی سے ہر شق پر بات کرتے رہے ہیں، ان کے خدشات سنے ہیں، اپنی لیڈر شپ سے بات کی ہے، چار مرتبہ ڈرافٹ تبدیل کیا گیا ہے لیکن دہشت گردی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت کے انسداد دہشت گردی تعاون کے ڈرافٹ پر دستخط سے انکار سے مذاکرات ناکام ہوئے،بار بار کہا کے پی حکومت اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت مذاکرات میں شامل ہو، وزیراعلی سہیل آفریدی یا کابینہ کا کوئی نمائندہ مذاکرات میں نہیں آیا۔ان کا کہنا تھا کہ رات ساڑھے آٹھ بجے تک تقریبا تمام معاملات طے ہوچکے تھے، ساڑھے آٹھ کے بعد پشاور حکومت نے نئی شرائط رکھنا شروع کیں، 25سالہ پارلیمانی زندگی میں ایسا موقع ضائع ہوتے نہیں دیکھا، اتوار کی صبح تک مذاکرات ختم نہیں کیے، دروازے کھلے رکھے، دوسری جانب سے مذاکرات میں واپس نہ آنے پر عمل ختم ہوا۔
