ہومبریکنگ نیوزکاروباری آسانی کیلئے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر ہیں: وزیراعظم

کاروباری آسانی کیلئے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد (آئی پی ایس )وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ریگولیٹری اصلاحات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں کاروبار میں آسانی، سرمایہ کاری کے فروغ اور ریگولیٹری نظام کو مزید مثر، شفاف اور کاروبار دوست بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ریگولیٹری اصلاحات ناگزیر ہیں، حکومت کاروباری برادری کو سہولت فراہم کرنے اور غیر ضروری ضابطہ کاری کے خاتمے کیلئے مثر اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) میں اصلاحات کے ذریعے اسے جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے، اسی طرز پر دیگر ریگولیٹری اداروں میں بھی اصلاحات لائی جائیں۔انہوں نے ریگولیٹری رجسٹری تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجود تمام ریگولیٹری تقاضوں اور قواعد و ضوابط کو ایک جامع نظام کے تحت مرتب کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کیلئے آسان کاروبار ایکٹ کو ملک بھر میں نافذ کیا جائے تاکہ تمام صوبوں میں ریگولیٹری نظام میں ہم آہنگی پیدا ہو اور کاروباری افراد کو یکساں سہولیات میسر آئیں۔انہوں نے ریگولیٹری اصلاحات کے اثرات اور افادیت کا جائزہ لینے کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرانے کی بھی ہدایت کی تاکہ اصلاحات کے عملی نتائج کا غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار میں آسانی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے، سرمایہ کاروں کو سازگار اور سہل کاروباری ماحول فراہم کیے بغیر ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کی جانب سے کی گئی ریگولیٹری اصلاحات کو مثر انداز میں اجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کو اصلاحات سے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ ان سے بھرپور استفادہ کر سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔