اسلام آباد (سب نیوز)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت میں مسجد کو شہید کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں جبکہ صومالیہ حادثے میں بچ جانے والے عملے کے ارکان کو بحفاظت گورو شہر منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اہم سفارتی ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران متعدد سفارتی سرگرمیوں میں حصہ لیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اقوام متحدہ کے 81ویں اجلاس میں شرکت کی اور سائیڈ لائنز پر اہم ملاقاتیں کیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ امریکا کے حوالے سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کل تفصیلی پریس کانفرنس کریں گے۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے صومالیہ کے قریب بحری جہاز پر حملے کے دوران پاکستانی شہریوں سمیت عملے کے ارکان کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حملے کے بعد ریسکیو آپریشن کے دوران 5 کریو ممبرز جاں بحق ہوئے، جن میں 3 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں، جبکہ متعدد پاکستانیوں سمیت عملے کے دیگر ارکان زخمی ہوئے۔سجاد حیدر خان نے بتایا کہ واقعے میں بچ جانے والے عملے کے ارکان کو پہلے بندر بیلا منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں بحفاظت گورو شہر پہنچا دیا گیا۔ زخمی عملے کے ارکان کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔
ادھر پاکستان نے بھارت میں شاہی مسجد کو شہید کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلمانوں کے پرامن احتجاج کے دوران طاقت کے استعمال کی بھی مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کی عبادت گاہوں اور مذہبی و ثقافتی ورثے کو متاثر کرنے والے اقدامات کا بڑھتا ہوا رجحان تشویش ناک ہے۔ انتظامی کارروائیوں اور عدالتی توثیق کے ذریعے اقلیتوں کے مذہبی ورثے کو لاحق خطرات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت میں مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں کو مسلسل نشانہ بنائے جانے کے واقعات کا فوری نوٹس لے۔ بھارتی حکام اقلیتوں، ان کی عبادت گاہوں اور بنیادی مذہبی آزادیوں کے تحفظ کی ذمہ داریاں پوری کریں۔
عالمی برادری بھارت میں عبادت گاہوں کو مسمار کرنے کا نوٹس لے، ترجمان دفتر خارجہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
