ہومتازہ ترینوزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، خیبر پختونخوا کی صورتحال پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، خیبر پختونخوا کی صورتحال پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبر پختونخوا سے متعلق حتمی فیصلے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں امن و امان کے قیام میں ناکام ہو چکی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صوبے میں سکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر کشمیر امور امیر مقام، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعت عطا تارڑ شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں دہشتگردی اور سکیورٹی کی صورت حال جبکہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق قانونی اور آئینی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔
وفاقی حکومت اور خیبر پختونخوا حکومت کے درمیان امن و امان، طرز حکمرانی اور پی ٹی آئی کے اسلام آباد لانگ مارچ کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ چند روز سے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
گزشتہ روز بھی وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں خیبر پختونخوا کے حوالے سے مختلف آئینی اور قانونی اور آپشنز پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے امن و امان کی صورتحال اور وزیر قانون نے خیبر پختونخوا کے حوالے سے آئینی و قانونی امور پر بریفنگ دی۔ وزیر داخلہ نے تحریک انصاف کی قیادت سے پس پردہ رابطوں پر بھی اعتماد میں لیا، جبکہ وزیراعظم نے خیبر پختونخوا سے متعلق فیصلے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔