پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کی آبدوز ہنگور نے پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کرلی.
آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور نے شمالی بحیرہ عرب میں پہلی لائیو ویپن فائرنگ کامیابی سے مکمل کی ،ہنگور نے طویل فاصلے پر مقررہ ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔
اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے لائیو ویپن فائرنگ کا مشاہدہ کیا،انہوں نےآبدوزکی جنگی صلاحیتوں کو سراہا۔ ایڈمرل نوید اشرف نے قابل اعتماد بحری دفاعی صلاحیت کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور کی کامیابی زیر آب جنگی صلاحیتوں میں اضافے کی عکاس ہے، پاک بحریہ قومی سمندری حدود کے تحفظ کیلئے جدید اور ہمہ وقت تیار فورس ہے۔
ہنگورکی کامیاب فائرنگ پاکستان بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاری کا ثبوت ہے، وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگور کی پہلی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے پاک بحریہ اورقیادت کو پی این ایس ہنگورکی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پر مبارکباد پیش کی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہنگورنےاینٹی شپ کروزمیزائل سے طویل فاصلےکے ہدف کوکامیابی سےنشانہ بنایا، ہنگورکی کامیاب فائرنگ پاکستان بحریہ کی اعلیٰ آپریشنل تیاری کا ثبوت ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کی قومی سلامتی کے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے مکمل تیاری یقینی بنائیں گے، انہوں نے پی این ایس ہنگورکی تیاری میں عملے کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو بھی سراہا۔
قوم کو پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی پی این ایس ایم ہنگور کے کامیاب لائیو ویپن فائرنگ تجربے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔
انہوں نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور پی این ایس ایم ہنگور سے وابستہ تمام افسران و اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی این ایس ایم ہنگور کی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ پاک بحریہ کی غیر معمولی آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
اینٹی شپ کروز میزائل سے طویل فاصلے کے ہدف کو درستگی سے نشانہ بنانا پاک بحریہ کی بلند جنگی صلاحیت کا مظہر ہے،پاک بحریہ کی جدید آبدوز کی کامیاب ہتھیاروں کی فائرنگ ملک کی دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ تیاری کی عکاس ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قومی سلامتی کو درپیش ہر چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں،قوم کو پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کے لیے خدمات پر فخر ہے۔
