اسلام آباد (سب نیوز): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور برادر سعودی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے ترقی اور تبدیلی کے شاندار سفر پر نہ صرف سعودی قوم بلکہ پاکستان کو بھی فخر اور مسرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں سعودی عرب خوشحالی، جدیدیت اور جدت کی جانب نمایاں پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ تاریخی اور آزمودہ برادرانہ تعلقات پر فخر ہے، جو ایمان، باہمی اعتماد اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے رشتے پر استوار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں یہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں، جس کی بنیاد امن، سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کے مشترکہ عزم پر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے مشترکہ طور پر اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
انہوں نے سعودی عرب کے خلاف حالیہ حوثی حملوں، بالخصوص مقدس شہر مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے کی قابل مذمت کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تحفظ کے لیے مملکت کے ساتھ غیر متزلزل طور پر شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
قومی دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوتے جائیں۔
پاکستان سعودی عرب برادرانہ تعلقات زندہ باد!
