ہومبریکنگ نیوزسندھ میں 6 انتظامی یونٹس بننے جا رہے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار کا دعوی

سندھ میں 6 انتظامی یونٹس بننے جا رہے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار کا دعوی

کراچی (آئی پی ایس )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ میں انشااللہ 6 انتظامی یونٹس بننے جا رہے ہیں، جن کا اختیار سندھ کے بیٹوں اور بیٹیوں کو دیا جائے گا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہاکہ کل ایم کیو ایم ضلع وسطی کی تنظیم کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مظلوم عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں بدترین بدعنوانی اور بدانتظامی ہے، جبکہ سندھ اس معاملے میں باقی صوبوں سے بہت آگے ہے۔انہوں نے کہا کہ جب گورننس بدترین ہوجائے تو اقتدار کی منتقلی ناگزیر ہوجاتی ہے، سندھ میں اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا اب ضروری ہوچکا ہے، کیونکہ صوبے کے عوام بنیادی سہولتوں اور اپنے حقوق سے محروم ہیں۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پاکستان بنانے والوں کی نئی نسل کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے، سندھ میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کیے گئے ہیں۔ سندھ کے عوام حکمرانوں کے بھاشن اور اشتعال انگیزی کو قبول نہیں کریں گے بلکہ وہ حکمرانوں کو پہچان چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کل ہونے والی ریلی کرپٹ ترین حکومت کے خلاف علم بغاوت ہوگی اور یہ ریلی تاریخی ثابت ہوگی، جبکہ کل سے تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ہم دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، سندھ کے عوام میں آپس میں فسادات کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے الزام عائد کیا کہ حکمرانوں کے گھروں کے تہہ خانوں سے اربوں ڈالر برآمد ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تم نے بے نظیر کے خون کا سودا کیا، انشااللہ تمہارے مقدمات کھلنے جا رہے ہیں۔ فاروق ستار نے کہاکہ سکھر، نواب شاہ، میرپورخاص اور کراچی کے عوام حکمرانوں کا احتساب کریں گے، ہم احتساب کریں گے اور کسی کو بھی نکلنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں 6 انتظامی یونٹس بننے جا رہے ہیں اور لاڑکانہ، سکھر، نواب شاہ اور کراچی سمیت تمام انتظامی یونٹس کا اختیار کسی کو نہیں دیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔