اسلام آباد: (سب نیوز) آغا خان یوتھ اینڈ سپورٹس بورڈ راولپنڈی کے بوائز سکاوٹس نے اسلام آباد ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں ایجوکیشن ونگ کی ٹیم نے انہیں ٹریفک پولیس کے مختلف شعبہ جات اور امور کی انجام دہی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر ایس پی ٹریفک خان محمد نے سکاوٹس کو روڈ سیفٹی، ٹریفک قوانین اور محفوظ سفری اصولوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران سکاوٹس نے ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق سوالات بھی کیے، جبکہ درست جوابات دینے والے سکاوٹس میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی پیدا کرنا محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے اہم ہے۔
