ہومتازہ ترینفرانس اور یونان بھیجنے کے نام پر فراڈ، 14 اور 16 سال سے مفرور دو اشتہاری ملزمان گرفتار

فرانس اور یونان بھیجنے کے نام پر فراڈ، 14 اور 16 سال سے مفرور دو اشتہاری ملزمان گرفتار

اسلام آباد: (سب نیوز) ایف آئی اے اسلام آباد زون نے کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک بھجوانے کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے ہتھیانے اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث دو اشتہاری ملزمان کو طویل عرصے بعد گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے مطابق مقدمہ نمبر 184/12 میں مطلوب اشتہاری ملزم عبدالرحمٰن عابد ساہی ولد محمد حسین کو گجرات سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے شکایت کنندہ کے بھائی کو فرانس بھجوانے کا جھانسہ دے کر 16 لاکھ 65 ہزار روپے وصول کیے، تاہم نہ وعدہ پورا کیا اور نہ رقم واپس کی۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم گزشتہ 14 سال سے مفرور تھا۔

دوسری کارروائی میں مقدمہ نمبر 235/10 کے اشتہاری ملزم اشتیاق بٹ عرف زاہد بٹ/علی بٹ ولد سکندر بٹ کو کھاریاں، گجرات سے گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے یونان بھجوانے کے نام پر شہری سے 7 لاکھ روپے وصول کیے جبکہ تحقیقات میں ایران اور ترکی کے راستے غیر قانونی ڈنکی روٹس کے ذریعے افراد کو یونان پہنچانے میں سہولت کاری کا بھی انکشاف ہوا۔ ملزم گزشتہ 16 سال سے مفرور تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق دونوں گرفتاریاں انسپکٹر زاہد بھٹی کی قیادت میں اے ایس آئی رفیق اور ہیڈ کانسٹیبل عالم زیب پر مشتمل ٹیم نے پیشہ ورانہ تفتیش اور مسلسل کوششوں کے بعد عمل میں لائیں۔

ترجمان ایف آئی اے اسلام آباد زون نے کہا کہ ویزہ فراڈ اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور طویل عرصے سے مفرور ملزمان کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔