ہومتازہ ترینشاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے اسیر رہنمائوں کا جیل سے خط،حکومت پر کڑی تنقید

شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے اسیر رہنمائوں کا جیل سے خط،حکومت پر کڑی تنقید

لاہور (سب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کے جیل سے لکھے گئے خط میں حکومت پر کڑی تنقید کی گئی ہے۔پی ٹی آئی رہنماوں شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری، یاسمین راشد اور سرفراز چیمہ نے جیل سے اپنے وکیل کی وساطت سے میڈیا کو پہنچائے گئے خط میں مہنگائی، صحت، تعلیم، زراعت اور امن و امان کی صورتحال پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
خط میں پی ٹی آئی رہنماوں نے کہا کہ پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے مکمل افراتفری پیدا کردی ہے، جبکہ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے 42 فیصد لوگوں کے لیے ایک وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوچکا ہے۔رہنماوں نے کہا کہ بچوں میں غذائی قلت، مناسب طبی سہولیات کی کمی، اسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی اور بنیادی صحت کے نظام کی صورتحال نے پنجاب کے عوام کی زندگی انتہائی مشکل بنادی ہے۔
خط میں شریف خاندان کے طرز عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے حالات میں ان کے رویے کو سمجھنا مشکل ہے اور وہ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماں نے کہا کہ پنجاب کی وزیراعلی کے لیے ایک پرتعیش طیارہ خریدا گیا ہے اور عوام اب بھی اس وضاحت کے منتظر ہیں کہ ان کا پیسہ ایسے طیارے کی خریداری پر کیوں خرچ کیا گیا۔
خط میں مزید کہا گیا کہ عوام کے پاس کھانے کے لیے خوراک تک نہیں، ایک کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور صاف پانی صرف اشرافیہ کو میسر ہے۔ رہنماں نے کہا کہ معیشت کو سہارا دینے والے زرعی شعبے کو ایندھن پر دی جانے والی سبسڈی سے خارج کردیا گیا۔ زراعت مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے جبکہ شوگر کارٹل اب چینی کی برآمد میں مصروف ہے۔
پی ٹی آئی رہنماوں نے امن و امان کی صورتحال کو بدترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے جنسی استحصال کے واقعات بڑے پیمانے پر سامنے آرہے ہیں۔ خط میں سینیٹ کمیٹی کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق 80 فیصد کیس پنجاب میں رپورٹ ہوئے ہیں۔رہنماوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا شاہانہ طرز زندگی اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت اور عوام کے درمیان مکمل خلیج پیدا ہوچکی ہے۔
خط میں خیبرپختونخوا کے منتخب وزیراعلی کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کو مشکوک، نامناسب اور قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس سے خیبرپختونخوا میں احساسِ بیگانگی مزید بڑھے گا۔پی ٹی آئی رہنماوں نے خط میں کہا کہ جیسا کرو گے ویسا بھرو گے اور آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالی اس مشکل وقت سے نکلنے میں مدد فرمائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔