اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے غریب و متوسط طبقے کیلئے پیٹرولیم سبسڈی اسکیم میں مزید سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم کی ہدایت پر پیٹرول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن کے میسج کو بالکل مفت کردیا گیا ہے۔اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔پورے ملک بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں وزیرِ اعظم فیول سبسڈی سکیم کے تحت عوام تک ریلیف کی فراہمی جاری ہے۔پہلے آر ای جی لکھ کر، سپیس دے کر، شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کے صوبے کے نام کا پہلا حرف اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ 9771 پر مفت میسج کرنے سے اسکیم میں رجسٹریشن ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسکیم کے حوالے سے فیلڈ میں موجود رہیں اور عوام کو رجسٹریشن سمیت دیگر مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کریں۔وزیراعظم نے عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو بھی عوام کی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کی۔اعلی سطحی اجلاس کے دوران انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلائی جائے اور پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر عوام کو اسکیم کے طریقہ کار اور اہلیت سے آگاہ کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بوجھ کو کم کرنا اور ریلیف ان شہریوں تک پہنچانا ہے جو اس کے حقیقی مستحق ہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فیول سبسڈی اسکیم کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچائے جائیں اور رجسٹریشن کے دوران عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ فیول سبسڈی اسکیم سے متعلق مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ پر دستیاب ہیں جہاں شہری اسکیم کے طریقہ کار، رجسٹریشن اور دیگر ضروری معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ایک ماہ کے دوران بیس لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جائے گی جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جائے گی۔
پیٹرول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن کیلئے میسج کو بالکل مفت کردیا گیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
