ہومتازہ ترینصدر مملکت نے انڈونیشن نیول چیف ڈاکٹر محمد علی کو نشان امتیاز عطا کردیا

صدر مملکت نے انڈونیشن نیول چیف ڈاکٹر محمد علی کو نشان امتیاز عطا کردیا

اسلام آباد (سب نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے انڈونیشین بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کو دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز (ملٹری)سے نواز دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں اعزاز دینے کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، اراکین پارلیمنٹ اور سفارتی برادری کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے صدر مملکت سے ملاقات بھی کی جنہوں نے انہیں یہ اعلی اعزاز ملنے پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرپا اور برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے دونوں بحری افواج کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ بلیو اکانومی اور سمندری شعبے کی باہمی ترقی میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے بھرپور انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے پاکستان نیوی کی جانب سے منعقدہ مشقوں میں انڈونیشیا کی بحریہ کی باقاعدہ شرکت کو سراہا۔انڈونیشیا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر)چندر ڈبلیو سوکوتجو ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی کے ہمراہ تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔