ہومپاکستانٹرمپ سے اہم ملاقات طے، شہباز شریف کا کشمیر اور بھارت کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھرپور انداز میں اٹھانے کا فیصلہ

ٹرمپ سے اہم ملاقات طے، شہباز شریف کا کشمیر اور بھارت کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھرپور انداز میں اٹھانے کا فیصلہ

اسلام آباد (سب نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت متعدد عالمی رہنماوں سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جہاں وہ پاکستان کے موقف کو عالمی برادری کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کرنے کے ساتھ خطے کی سلامتی، مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدے اور دہشتگردی سمیت اہم امور پر بھی بات کریں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اعلی سطح کے ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو نیویارک میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ اسی روز صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک سربراہان مملکت و حکومت کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جائے گا، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف سمیت متعدد عالمی رہنما شرکت کریں گے۔وزیر اعظم کو عشائیے میں شرکت کی دعوت موصول ہوچکی ہے، جبکہ یہ موقع انہیں دیگر سربراہان مملکت و حکومت سے ملاقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کا بھی موقع فراہم کرے گا۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ کی یہ ملاقات 7 ماہ بعد ہونے والی پہلی بالمشافہ ملاقات ہوگی۔ وزیر اعظم 23 ستمبر کی تقریب سے ایک روز قبل لندن سے نیویارک پہنچیں گے، جبکہ 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم کی جانب سے بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھائے جانے کا امکان ہے۔ وہ مستقل ثالثی عدالت کے حالیہ فیصلے کا حوالہ بھی دیں گے، جس میں بھارت کے موقف کو مسترد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے روایتی اتحادیوں کے علاوہ متعدد دیگر ممالک نے بھی اس معاملے پر اسلام آباد کے موقف کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ شہباز شریف مسئلہ کشمیر کو بھی عالمی فورم پر اجاگر کریں گے اور اسے خطے اور عالمی امن کے لیے مسلسل خطرہ قرار دیتے ہوئے پاکستان کی علاقائی امن کے لیے کوششوں سے آگاہ کریں گے۔وزیر اعظم مشرق وسطی میں جنگ بندی اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان گزشتہ ماہ مکہ مکرمہ میں طے پانے والے سہ فریقی اجتماعی سلامتی کے انتظام اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں پر بھی عالمی برادری کو اعتماد میں لیں گے۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف بھارت کی جانب سے پاکستان میں مبینہ دہشتگردی اور افغان سرزمین کو اس مقصد کے لیے استعمال کیے جانے کے معاملے پر بھی پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم کی بنگلہ دیش کے وزیر اعظم طارق رحمان سمیت کئی عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ طارق رحمان کے ساتھ یہ شہباز شریف کی پہلی ملاقات ہوگی۔جنرل اسمبلی کا اعلی سطحی عمومی مباحثہ 22 سے 26 ستمبر تک نیویارک میں جاری رہے گا اور شہباز شریف 25 ستمبر کو دوسرے ہاف کے اجلاس میں چوتھے مقرر کی حیثیت سے خطاب کریں گے۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی مسلسل دوسری مرتبہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو 24 ستمبر کو خطاب کریں گے۔ افغانستان اجلاس کے آخری روز مقررین میں شامل ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔