راولپنڈی(آئی پی ایس )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کابینہ ڈویژن ملک ابرار احمد نے کہا ہے کہ عوامی احتجاج پر عوامی نمائندوں اور کینٹونمنٹ بورڈ کی اعلی سطحی کمیٹی کے مابین ٹیکسز کمی پر اتفاق رائے طے پا گیا ہے،صفائی، پانی اور ہائوس ٹیکسزمیں کمی کر دی گئی ہے ، بھاری ٹیکسوں کی ادائیگی کے لیے شہریوں کو کم از کم 3 اقساط کی سہولت دی جائے گی اور ترمیمی ایکٹ 2023 کے تحت سابقہ بقایا جات پر لاگو سرچارج مکمل ختم کر دیا گیا ہے۔ددوچہ ڈیم سے راولپنڈی کینٹ کے لیے یومیہ ڈیڑھ کروڑ گیلن پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی،کینٹ کے واٹر ٹینکس اور ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کے لیے 10 کروڑ روپے فراہم کر دیے گئے ہیں۔وہ اتوار کو ایم پی اے ملک افتخار احمد، کینٹونمنٹ بورڈ کے سابق وائس صدر ملک منیر احمد، عرفان امتیاز اور سابق اراکین ملک طاہر ایوب، ارشد محمود قریشی، رشید احمد خان، حاجی طارق، ملک امجد حسین، چوہدری شکور احمد، عبدالصمد، ملک صغیر احمد،سلیمان حیدر شاہ اور خرم گل کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
ملک ابرار احمد نے کہا کہ راولپنڈی کینٹ میں ٹیکسز کے حوالے سے بات چیت سے قبل ہم وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے شکر گزار ہیں جنہوں نے راولپنڈی کے عوام کے لیے انڈر پاسز اور فلائی اوورز کے منصوبے دیے ہیں۔ چیئرنگ کراس اور قاسم مارکیٹ انڈر پاسز کی تکمیل کے بعد روات تا ترنول سگنل فری کوریڈور بن جائے گا، اور یہ تمام ترقیاتی منصوبے این اے 55 کے ہیں۔ملک ابرار احمد نے بتایا کہ کینٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے صفائی، پانی اور ہاوس ٹیکسز میں غیر معمولی اضافہ کیا گیا تھا جس سے کینٹ کا ہر طبقہ متاثر ہوا اور عوام سراپا احتجاج تھے۔ عوامی تشویش کو دیکھتے ہوئے کینٹ حکام سے رابطہ کیا گیا جس پر کینٹ ایگزیکٹو آفیسر نے اعلی سطحی کمیٹی قائم کی۔ اس کمیٹی نے سابق اراکین کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر بیٹھ کر تفصیلی غور و خوض کے بعد ٹیکسوں کی شرح میں کمی پر باہمی اتفاق رائے پیدا کیا۔انہوں نے بتایا کہ بورڈ ریزولوشن کے تحت سال 2026 تا 2029 کے لیے رہائشی اور کمرشل ٹیکسوں میں 30، 30 فیصد اضافہ طے پایا تھا، جسے اب باہمی رضامندی سے رہائشی کے لیے کم کر کے 20 فیصد اور کمرشل کے لیے 30 فیصد کر دیا گیا ہے۔ پراپرٹی میں کاروباری نوعیت تبدیل ہونے پر باقاعدہ نوٹس جاری ہوگا اور اسسمنٹ کمیٹی میں اپیل کی سماعت کا باقاعدہ اندراج ہوگا۔ سال 2023 تا 2026 کے دوران ادائیگی کرنے والوں پر بعد ازاں کمیٹی فیصلے کی صورت میں کوئی سرچارج نہیں لگے گا اور موجودہ بل کے مطابق ادائیگی لی جائے گی۔
اس کے علاوہ پراپرٹی دستاویزات، شناختی کارڈ اور درخواست دینے والوں کو فوری سی بی نمبر الاٹ کیا جائے گا، جبکہ کینٹ میں نئے شامل ہونے والے علاقوں کو نئے سال سے سی بی نمبر لگا کر ٹیکس لاگو ہوگا اور پچھلے واجبات معاف ہوں گے۔صفائی اور پانی کے چارجز کی نئی شرح کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈور ٹو ڈور صفائی کے تحت تنگ گلیوں اور گنجان آبادیوں کے پیش نظر رہائشی صفائی چارجز کم کر کے 1 تا 3 مرلہ کے لیے 2,100 روپے سالانہ (175 روپے ماہانہ)، 3 تا 5 مرلہ کے لیے 3,200 روپے سالانہ (266 روپے ماہانہ)، اور 5 تا 7 مرلہ کے لیے 4,400 روپے سالانہ (366 روپے ماہانہ) مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ 7 تا 10 مرلہ 5,200 روپے، 10 تا 15 مرلہ 7,000 روپے اور 15 تا 20 مرلہ کے لیے 10,000 روپے سالانہ ہوں گے۔ کمرشل صفائی کی تمام کیٹگریز ختم کر کے صرف اے آر وی (ARV) کا 1 فیصد وصول کیا جائے گا اور کینٹ چار ماہ کے اندر وزیراعلی پنجاب کے “ستھرا پنجاب” طرز کا ماڈل اپنائے گی۔اسی طرح پانی کے سالانہ نرخوں میں بھی نمایاں کمی کی گئی ہے جس کے تحت 1 تا 5 مرلہ کے نرخ 14,400 سے کم کر کے 10,800 روپے، 5 تا 7 مرلہ کے نرخ 20,400 سے کم کر کے 18,800 روپے اور 7 تا 10 مرلہ کے چارجز 30,600 سے کم کر کے 28,000 روپے سالانہ کر دیے گئے ہیں، جبکہ 10 تا 15 مرلہ 37,000 روپے اور 15 تا 20 مرلہ 40,000 روپے سالانہ ہوں گے۔ ریکوری کے لیے سیلنگ کے حوالے سے 30 دن کا نوٹس لازمی قرار دیا گیا ہے اور دفعہ 144 کے تحت مستثنی بنیادی اشیا کی دکانوں (میڈیکل سٹور، دودھ، بیکری، گوشت، سبزی) کا لحاظ رکھا جائے گا۔ملک ابرار احمد نے مزید کہا کہ چہان ڈیم اور ددوچہ ڈیم سے پانی حاصل کر کے کینٹ کی ضروریات 50ملین گیلن تک پہنچائی جائیں گی اور صوبائی و وفاقی حکومت سے گرانٹس کے ذریعے ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینٹ کی 8 لاکھ آبادی کے لیے رکھ دھمیال میں سرکاری قبرستان کے لیے اراکین اسمبلی نے زمین مختص کروائی تھی جس کے لیے ایمبولینس اور بس سروس کا بندوبست جلد مکمل کیا جائے گا۔ شہریوں کی سہولت کے لیے کینٹونمنٹ بورڈ کے تمام سابقہ اراکین کے دفاتر کھلے ہیں جہاں عوام پانی، صفائی اور ہاس ٹیکسز کے بلوں کی درستگی اور اپنے مسائل کے حل کے لیے بلاجھجک رجوع کر سکتے ہیں۔
