لندن (آئی پی ایس )قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں 0-3 کی شکست کے بعد خامیوں کو تسلیم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے اپنی ٹیسٹ کپتانی جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ مقابلوں کے لیے ہمیں سر جوڑ کر اپنی بہترین پلیئنگ الیون تشکیل دینا ہوگی۔
انگلینڈ کے ہاتھوں سیریز میں کلین سویپ کے بعد میچ پریزنٹیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے واضح کیا کہ وہ بطور ٹیسٹ کپتان اپنی دوسری مدت جاری رکھیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مختلف سیریز اور کنڈیشنز کے لحاظ سے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا پڑتا ہے، تاہم اس مشکل دورے میں ہماری ٹیم کے نئے اور نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار جذبے کا مظاہرہ کیا ہے جس پر وہ داد کے مستحق ہیں۔
ایجبسٹن ٹیسٹ میں اسپن بالر کو شامل نہ کرنے کے سوال پر کپتان نے اپنی حکمت عملی کا دفاع کیا۔بابر اعظم نے کہا کہ انگلش پچز پر گھاس موجود تھی اور کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے ہی ہم نے 3 فاسٹ بالرز کے ساتھ میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ میں بلے بازوں اور فاسٹ بالنگ یونٹ دونوں کے لیے ہمیشہ سخت چیلنجز ہوتے ہیں۔
بابر اعظم نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں 81 رنز بنانے اور 4 اہم وکٹیں حاصل کرنے والے 21 سالہ نوجوان کھلاڑی رضاللہ کی خاص طور پر تعریف کی۔انہوں نے رضاللہ کو ایک بہترین ٹیلنٹ قرار دیتے ہوئے تسلیم کیا کہ سیریز سے قبل وہ ان کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے تھے، تاہم ان کی شاندار بولنگ اور بلے بازی نے بہت متاثر کیا ہے۔ آخری اننگز کا ذکر کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ محمد عباس کی جانب سے پہلے ہی اوور میں 2 وکٹیں گرانے سے ٹیم کا مورال کافی بلند ہو گیا تھا، لیکن انگلش بلے بازوں نے دبا سے نکل کر بہترین کھیل پیش کیا۔
انگلینڈ کے اس دورے سے قبل پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اوے ٹیسٹ سیریز 1-1 سے برابر کی تھی۔تاہم، انگلینڈ کے خلاف لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں گرین شرٹس کو ایک اننگز اور 103 رنز کی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس میچ میں بابر اعظم انجری کے باعث شریک نہیں تھے۔لارڈز میں ہونے والے دوسرے میچ میں بھی بدترین کارکردگی کے بعد دورے کے وسط میں پاکستان نے اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں کیں، جس کے تحت 7 کھلاڑیوں سمیت ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بالنگ کوچ عمر گل کو بھی تبدیل کر دیا گیا تھا۔ تیسرے اور آخری میچ میں نسبتا بہتر مزاحمت کے باوجود انگلینڈ نے 130 رنز کا ہدف محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے پاکستان کے خلاف اپنی ہوم گرانڈ پر پہلا وائٹ واش مکمل کیا۔
