ہومپاکستانچیف جسٹس سے کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اور نسٹ لا اسکول کے ڈین کی ملاقات

چیف جسٹس سے کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اور نسٹ لا اسکول کے ڈین کی ملاقات

اسلام آباد (سب نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان سے نیشنل پولیس اکیڈمی کے کمانڈنٹ سعد اختر بھروانہ اور نسٹ لا اسکول کے ڈین محمد نواز واہلہ نے سپریم کورٹ میں ملاقات کی، جس میں پولیس افسران کی تربیت، قانونی تعلیم اور نظام انصاف کو مزید موثر بنانے کے لیے ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی نے چیف جسٹس کو پولیس افسران کے لیے جاری تربیتی پروگرامز سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر نیشنل پولیس اکیڈمی اور فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے درمیان تعاون کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔چیف جسٹس نے کہا کہ پولیس افسران اور قانون کے طلبہ انصاف کی فراہمی کے نظام کے اہم شراکت دار ہیں۔ تفتیش اور شہادتیں جمع کرنے کے مراحل میں پولیس کی کارکردگی فوجداری انصاف کے معیار پر براہ راست اثرانداز ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ تفتیش اور معیاری شواہد موثر اور منصفانہ نظامِ فوجداری انصاف کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے قانون سے آگاہ اور شہریوں کے حقوق کا احترام کرنے والے پولیس افسران کی تربیت میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے کردار کو بھی سراہا۔ملاقات میں نیشنل پولیس اکیڈمی اور فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے درمیان تعاون سے پولیس افسران کی فوجداری قانون، تفتیشی طریقہ کار، شواہد جمع کرنے اور مقدمات کی تیاری سے متعلق استعداد بہتر بنانے کے امکانات پر بھی بات ہوئی۔دوسری جانب نسٹ لا اسکول کے ڈین محمد نواز واہلہ نے چیف جسٹس کو ادارے کے قانونی تعلیم کے مختلف پروگرامز سے آگاہ کیا۔

نسٹ لا اسکول اور فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے درمیان تعاون کی تجویز بھی زیرغور آئی۔چیف جسٹس نے کہا کہ معیاری قانونی تعلیم بار اور بالآخر عدالتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مستقبل کے باصلاحیت اور پیشہ ور قانونی ماہرین کی تیاری میں نسٹ لا اسکول کے کردار کو بھی سراہا۔مجوزہ تعاون کے نتیجے میں قانون کے طلبہ کو عدالتی عمل، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور قانون کے ابھرتے ہوئے شعبوں سے عملی آگاہی فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔چیف جسٹس نے نیشنل پولیس اکیڈمی اور نسٹ لا اسکول کے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے ساتھ مجوزہ تعاون کا خیرمقدم کرتے ہوئے استعدادِ کار، ادارہ جاتی سیکھنے اور نظام انصاف کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔