اسلام آباد(سب نیوز) پاک بحریہ نے یومِ بحریہ کے موقع پر 1965 کی جنگ کے دوران وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بحری جوانوں اور افسران کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق یومِ بحریہ پاک بحریہ کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیت اور لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنے کا موقع ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے نیول ہیڈکوارٹرز میں یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر انہوں نے ملک کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بحری جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
سربراہ پاک بحریہ نے شہدا کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کی اور ان کے حوصلے، عزم اور قربانیوں کو سراہا۔ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کی عظیم خدمات ملک کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ بحریہ کے موقع پر 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے بحری جانبازوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ کارکردگی کو خصوصی طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔آپریشن سوم ناتھ نے محدود وسائل کے باوجود فیصلہ کن نتائج حاصل کرنے کی پاک بحریہ کی صلاحیت کو ثابت کیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ آپریشن سوم ناتھ کے دوران قائم ہونے والی جرات اور عزم کی میراث آج بھی برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں بھارتی بحریہ کے خلاف پاک بحریہ کی مثر بازدار صلاحیت اس کے عزم اور پیشہ ورانہ تیاری کا مظہر ہے۔سربراہ پاک بحریہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری حدود کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری جوش و جذبے سے انجام دیتی رہے گی۔
پاک نیوی کا یوم بحریہ، 1965کی جنگ کے بحری جانبازوں کو خراجِ عقیدت، آئی ایس پی آر
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
