اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب میں شہری اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حوثیوں کے بزدلانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے برادر عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے بزدلانہ اور مذموم حملے نہ صرف بے گناہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ علاقائی امن و سلامتی کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔
