اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے عمران خان کے حوالے سے دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کے ساتھ معاملات طے کرنے میں ایک ریٹائرڈ شخصیت نے اہم کردار ادا کیا۔
اپنے ایک انٹرویو میں رمیش کمار نے دعوی کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ مفاہمت طے پانے میں ایک اہم ریٹائرڈ شخصیت نے کلیدی کردار ادا کیا ہے، اس حوالے سے عمران خان سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں 4 سے 5 اہم ملاقاتیں کی گئیں، جس کے بعد 14 اگست کے روز اس سلسلے میں باقاعدہ کیک بھی کاٹا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کے لیے قانونی اور سیاسی ریلیف کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جس کے نتائج اگلے چند دنوں میں سب کے سامنے ظاہر ہو جائیں گے، ایک نیا سیاسی ماڈل بننے جا رہا ہے، اس نئے نظام میں عمران خان سمیت تمام اہم سیاسی و مقتدر فریقین کو آن بورڈ کیا گیا ہے، اس نئے ماڈل پر 15 ستمبر سے 15 نومبر کے درمیان مکمل عملدرآمد متوقع ہے۔
رمیش کمار نے بات چیت کے دوران خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس نئے سیاسی ماڈل میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے گا، اسے نظام سے باہر کر دیا جائے گا، انہوں نے خاص طور پر ھکمران جماعت مسلم لیگ ن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ن لیگ اس راستے میں رکاوٹ بنی یا ماضی والی کوئی غلطی کی، تو ملک میں ایک بالکل نیا سیاسی سیٹ اپ تشکیل دے دیا جائے گا۔
عمران خان کیساتھ معاملات طے کرنے میں ایک ریٹائرڈ شخصیت نے اہم کردار ادا ،جسکے بعد سے ریلیف کا عمل شروع ہو چکا، رمیش کمار کا دعوی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
