ہومپاکستانچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی منگنی اور شادی سے متعلق دلچسپ تفصیلات سب نیوز سامنے لے آیا

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی منگنی اور شادی سے متعلق دلچسپ تفصیلات سب نیوز سامنے لے آیا

اسلام آباد (سب نیوز)چیئرمین پاکستان پیپلز پاٹی بلاول بھٹو اور صدر ملکت آصف علی زرداری، بلاول کی ممکنہ منگنی کے سلسلے میں آسٹرین خاندان سے بات چیت کے لیے ویانا میں موجود ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک بااعتماد ذریعے نے نجی ٹی وی چینل کو تصدیق کی ہے کہ بلاول کی ممکنہ منگنی اور آسٹریا کے سابق شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے ایک ممتاز یورپی خاندان میں ان کی شادی کے حوالے سے بات چیت کے لیے صدر مملکت آصف علی زرداری اور پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں موجود ہیں۔اس پیش رفت سے آگاہ ذریعے نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صدر زرداری اور بلاول نے 3 روز قبل آسٹریا پہنچنے کے بعد سے اب تک ممکنہ دلہن کے اہل خانہ سے 3 بار ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ صدر زرداری اور بلاول آسٹریا سے برطانیہ روانہ ہوں گے اور لندن سمیت ملک کے دیگر حصوں میں تقریبا 10 دن قیام کریں گے جبکہ دلہن کے خاندان کے افراد کی بھی برطانیہ میں قیام کے دوران بھٹو زرداری خاندان کے ہمراہ ہونے کی توقع ہے۔اس متوقع شادی کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں میں بلاول کی ممکنہ دلہن کو آسٹریا کے سابق شاہی خاندان ہاوس آف ہیبسبرگ-لورین سے جوڑا جا رہا ہے اور کچھ رپورٹس میں انہیں آسٹریا کے آخری شہنشاہ کارل اول کے خاندان سے بتایا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شادی ممکنہ طور پر رواں سال کے آخر میں ویانا میں ہو سکتی ہے۔ بلاول اور ممکنہ دلہن ایک دوسرے کو کئی سالوں سے جانتے ہیں اور ان کے کئی مشترکہ دوست بھی ہیں۔
ایوانِ صدر نے بھی 27 اگست کو اس بات کی تصدیق کی تھی کہ صدر زرداری نجی دورے پر بیرون ملک روانہ ہوئے ہیں تاہم اس دورے کا مقصد ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔توقع ہے کہ صدر زرداری برطانیہ میں تقریبا دو ہفتے گزاریں گے جو کئی سالوں میں ان کا برطانیہ کا پہلا طویل دورہ ہوگا۔ ان کا برطانیہ کا آخری دورہ تقریبا 5 سال قبل ہوا تھا۔آکسفورڈ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل بلاول بھٹو زرداری اکثر نجی اور سیاسی مصروفیات کے سلسلے میں برطانیہ کا سفر کرتے رہتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ بلاول کی بہنیں بھی لندن میں فیملی کے ہمراہ ہیں۔ بلاول کی خالہ اور سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی بیٹی صنم بھٹو پہلے ہی لندن میں موجود ہیں۔ انہوں نے تقریبا دو ہفتے قبل پی پی پی برطانیہ کے صدر محسن باری کے بیٹے کی شادی میں شرکت کی تھی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ پی پی پی کے سینیئر رہنماوں اور بھٹو زرداری خاندان کے قریبی افراد تک کو تقریبا دو دن پہلے تک شادی کی ان مبینہ خبروں کا علم نہیں تھا۔بھٹو زرداری خاندان یا پیپلز پارٹی کی جانب سے تاحال بلاول کی منگنی یا شادی کے حوالے سے کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔دوسری جانب میئر کراچی اور پی پی پی کے رہنما مرتضی وہاب نے بلاول کی شادی کی خبروں کی تردید کی ہے۔ پی پی پی چیئرمین کی مبینہ منگنی اور شادی کے حوالے سے گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کا جواب دیتے ہوئے مرتضی وہاب نے میڈیا اور سوشل میڈیا پر چلنے والی ان رپورٹس کو غلط قرار دیا۔یہ تردید ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر زرداری کے آسٹریا کے نجی دورے اور بھٹو زرداری خاندان اور ایک ممتاز آسٹرین خاندان سے متعلق خبروں کے بعد بلاول کی شادی کے حوالے سے قیاس آرائیوں میں تیزی آ گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔