سنگاپور(سب نیوز)سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمیشن نے ملکی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا۔ہائی کمیشن سے جاری بیان کے مطابق فلم کی خصوصی نمائش میں سفارت کاروں، حکومتی عہدیداران، کاروباری برادری، میڈیا نمائندگان اور پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔ پاکستانی ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سینما ثقافتی سفارت کاری اور عوامی روابط کے فروغ کا مثر ذریعہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ فلمیں ممالک کو اپنا ثقافتی ورثہ، روایات اور عصری شناخت دنیا کے سامنے پیش کرنے کا مثر موقع فراہم کرتی ہیں ،دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں جدید سنیما کے ذریعے منفرد پاکستانی کہانی پیش کی گئی ہے۔اس فلم نے پاکستان سے باہر بھی شائقین کی بڑی تعداد کو متاثر کیا ہے۔ یہ بلال لاشاری کی ہدایت کاری میں بننے والی پاکستانی سنیما کی نمایاں فلم ہے جس میں فواد خان، ماہرہ خان اور حمزہ علی عباسی نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔
فلم میں پنجاب کے ثقافتی پس منظر میں عزت، بہادری، وفاداری، انصاف اور رقابت جیسے عالمگیر موضوعات کو اجاگر کیا گیا ہے۔دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں پاکستان کا ثقافتی ورثہ، موسیقی، ملبوسات اور فلمی صلاحیتیں نمایاں کی گئی ہیں۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی مشن سنگاپور کے عوام کو پاکستان کی ثقافت اور معاشرے سے روشناس کرانے کی کوششیں کر رہا ہے ۔فلموں کے ذریعے پاکستان کی ثقافت اور کہانیوں کو اجاگر کرنا ایک شاندار ذریعہ ہے۔اس موقع پر مہمانوں نے فلم کی شاندار اداکاری، بصری پیشکش اور موسیقی کو سراہا۔ فلم کی خصوصی نمائش پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کی تقریبات کا حصہ تھی۔ شرکانے پاکستانی سنیما کی اہم فلم دیکھنے کا موقع فراہم کرنے پر پاکستان ہائی کمیشن سے اظہار تشکر کیا۔ مہمانوں نے فلم کے اعلی معیار کی پروڈکشن اور دلچسپ کہانی کو سراہا۔
سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام ملکی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی خصوصی نمائش کا اہتمام
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
