ڈیرہ اسماعیل خان:(محمد ریحان) بجلی چوری کی روک تھام اور پیسکو کے واجبات کی وصولی کے حوالے سے کمشنر ڈیرہ ڈویژن دائود خان کی زیرِ صدارت کمشنر دفتر میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈیرہ، ٹانک، وزیرستان اپر اور وزیرستان لوئر کے انتظامی و پولیس افسران سمیت پیسکو حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سپرنٹنڈنگ انجینئر پیسکو ڈیرہ سرکل انجینئر حزب اللہ خان محسود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید محمد ارسلان،اسسٹنٹ ٹو کمشنر پول اینڈ ڈویلپمنٹ سجاد بلوچ، ایکسین سٹی ڈویژن انجینئر ثناء اللہ، ایس ڈی او کینٹ سجاد احمد، تحصیلدار ریکوری پیسکو ڈیرہ اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہدایات کی روشنی میں بجلی چوری اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف ڈویژن اور ضلعی سطح پر قائم ٹیموں کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بجلی چوری کے خاتمے، غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کارروائی اور پیسکو کے بقایاجات کی وصولی کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ یقینی بنانے پر بھی غور کیا گیا۔کمشنر دائود خان نے کہا کہ بجلی چوری اور غیر قانونی کنکشنز لوڈشیڈنگ کے بڑے مسائل میں شامل ہیں، اس لیے متعلقہ اداروں کی ٹیموں کو مکمل طور پر فعال کرکے مشترکہ کارروائیاں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، پیسکو، ضلعی انتظامیہ اور ریونیو حکام باہمی تعاون سے اس عمل کو موثر بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوری کے خلاف اقدامات کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا، جبکہ پیسکو کے سپرنٹنڈنگ انجینئر چاروں اضلاع میں ہونے والی کارروائیوں اور پیش رفت سے متعلق ہر 15 روز بعد رپورٹ پیش کریں گے۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ کارروائیوں کا ماہانہ بنیادوں پر بھی جائزہ لیا جائے گا۔
