اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز, اسلام آباد (پمز) کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی کے باعث 15 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ، رنج اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ معصوم نومولود بچوں کی المناک ہلاکت کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور دلخراش سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے جگر گوشوں کی جدائی والدین کے لیے عظیم صدمہ ہے، اور اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ والدین اور اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے جاں بحق نومولود بچوں کے والدین اور اہلخانہ سے دلی تعزیت، ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس دلخراش سانحے پر افسردہ ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ معصوم بچوں کے ساتھ پیش آنے والے اس المناک واقعہ نے ہر دل کو سوگوار کر دیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ جاں بحق بچوں کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور غمزدہ والدین و اہلخانہ کو اس ناقابلِ تلافی صدمے کو برداشت کرنے کے لیے ہمت، حوصلہ اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
