کابل (آئی پی ایس )طالبان نے کابل یونیورسٹی کے متعدد پروفیسرز کو ان کے عہدوں سے برطرف کردیا ہے۔ برطرف کیے جانے والوں میں گلبدین حکمت یار کی قیادت میں قائم حزب اسلامی سے وابستہ عبداللہ کموال، اسداللہ وحیدی اور فیض محمد زلاند شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 5 برس کے دوران یہ تینوں یونیورسٹی پروفیسرز طالبان کی حمایت اور ان کے حق میں لابنگ کرتے رہے اور انہیں طالبان کے حامیوں میں شمار کیا جاتا تھا، تاہم اس کے باوجود انہیں اب عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بعض ناقدین کا کہنا ہے کہ برطرفیوں سے کابل یونیورسٹی میں سیاسی مداخلت کا اندازہ ہوتا ہے،
طالبان حکومت کے حامی سمجھے جانے والے اساتذہ کو بھی ملازمت کے تحفظ کی ضمانت حاصل نہیں۔ یہ صورتحال طالبان حکومت کے نظریاتی کنٹرول، من مانے فیصلوں اور سیاسی مداخلت کے باعث جامعات کی خودمختاری کو متاثر کرنے کی عکاسی کرتی ہے۔طالبان نے تاحال ان پروفیسرز کی برطرفی کی سرکاری وجہ بیان نہیں کی اور نہ ہی ان کی تعلیمی سرگرمیوں کے مستقبل کے حوالے سے کوئی تفصیلات جاری کی ہیں۔
