ہومپاکستانایکنک کی لاہور، بہاولنگر موٹروے سمیت 1.15کھرب کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

ایکنک کی لاہور، بہاولنگر موٹروے سمیت 1.15کھرب کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد(آئی پی ایس )ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک نے لاہور، بہاولنگر موٹروے سمیت مجموعی طور پر 1.15 کھرب روپے مالیت کے 16 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی۔تفصیلات کے مطابق منظور شدہ منصوبوں میں لاہور ، ساہیوال، بہاولنگر موٹروے، تربیلا پانچویں توسیعی منصوبہ ، خوازہ خیلہ، بشام ایکسپریس وے اور مختلف شعبوں کے توانائی، آبپاشی، تعلیم اور غربت کے خاتمے کے منصوبے شامل ہیں۔ایکنک کی جانب سے منظور کیے گئے منصوبوں میں تقریبا 320 ارب اضافی لاگت کی مد میں شامل ہیں، جس کی بنیادی وجوہات منصوبوں میں تاخیر اور قیمتوں میں اضافہ قرار دی گئی ہیں۔

ایکنک نے 407 ارب روپے کے لاہور ، ساہیوال، بہاولنگر موٹروے منصوبے کی منظوری دی۔ منصوبے کے پہلے پیکیج کے تحت لاہور رنگ روڈ سے راجہ جنگ انٹر چینج تک 18 . 5 کلومیٹر سڑک تعمیر کی جائیگی، جس پر 49 ارب روپے لاگت آئے گی اور اسکی مالی معاونت وفاقی حکومت کرے گی۔ فیصلے کے مطابق منصوبے کی اصل 295 کلو میٹر کی الائنمنٹ برقرار رکھی جائیگی۔ پی پی پی کے تحت قابل عمل حصوں کیلئے این ایچ اے اپنے وسائل سے وایبلٹی گیپ فنڈنگ فراہم کریگی، جبکہ غیر قابل عمل حصوں کیلئے پنجاب حکومت کی شراکت، عالمی مالیاتی اداروں کی معاونت یا وفاقی فنڈنگ سمیت متبادل ذرائع تلاش کیے جائیں گے ۔ایکنک نے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی لاگت میں 282 فیصد اضافے کے بعد اسے 316 ارب روپے میں منظور کیا، منصوبے کی اصل لاگت 82 ارب روپے تھی ، منصوبے کو اس سے قبل کلیئر کر نیوالی سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں منصوبے کے انتظام، شفافیت اور نگرانی کے نظام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

سی ڈی ڈبلیو پی کو بتایا گیا تھا کہ منصوبے کے ڈان سٹریم کو فرڈیم کا انہدام سیلاب کے باعث نہیں بلکہ ڈیزائن میں تبدیلی، ناکافی نگرانی اور انتظامی اقدامات میں تاخیر کے باعث ہوا۔ وزارت خزانہ نے بھی 282 فیصد لاگت میں اضافے کی وجوہات اور عالمی مالیاتی اداروں سے حاصل ہونیوالی فنانسنگ کی واپسی کے طریقہ کار پر وضاحت طلب کی تھی۔ایکنک نے 48 کلو میٹر خوازہ خیلہ۔ بشام ایکسپریس وے کی نظر ثانی شدہ لاگت 116 . 6 ارب منظور کی ، جو اصل تخمینے سے 37 ارب روپے یعنی 47 فیصد زیادہ ہے۔اجلاس میں گلگت بلتستان کو آزاد کشمیر سے ملانے والے بین الصوبائی رابطہ منصوبے کی لاگت 29 ارب منظور کی گئی۔لاہور میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کیلئے 6.56 ارب ، جنوبی پنجاب کے 10 اضلاع کیلئے غربت کے خاتمے کے منصوبے کیلئے 7.29 رو پے منظور کیے گئے۔ ایکنک نے فل برائٹ سکالرشپ پروگرام کیلئے 10 16 ارب روپے بھی منظور کرلئے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔