ہومتازہ تریناسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور پارلیمانی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور پارلیمانی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی تعاون مسلم دنیا کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد، (سب نیوز) : ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین ناسوٹین بن اسماعیل کی سربراہی میں چھ رکنی پارلیمانی وفد نے آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملائیشین وزیر داخلہ اور پارلیمانی وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس آمد خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ملائیشیا کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، پارلیمانی روابط اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے مابین وفود کے تبادلوں اور روابط میں اضافہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی فرینڈشپ گروپس دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے درمیان روابط اور تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے تعلیم، تجارت اور دیگر مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی تعاون مسلم دنیا کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کا اتحاد مشترکہ مفادات کے تحفظ، سلامتی اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔

علاقائی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے اور تنازعات کے حل کے لیے سفارتی کوششوں اور مذاکرات کو ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ 2025ء کی کشیدگی کے دوران تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور اپنی دفاعی صلاحیتوں کے ساتھ ذمہ دارانہ طرزِ عمل کا بھی مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے، تاہم ملکی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے تمام ممالک کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سفارتی ذرائع کو بروئے کار لانا ہوگا۔

افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کو متعدد بار آگاہ کیا ہے کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال ہونا تشویش کا باعث ہے۔

موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی کے سنگین چیلنج کا سامنا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اور مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔

ملائیشین وزیر داخلہ سیف الدین ناسوٹین بن اسماعیل نے پاکستان کی میزبانی اور پرتپاک استقبال پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور اسلام آباد دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں سے ایک ہے۔

ملائیشین وزیر داخلہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو تنازعات کے بجائے سفارتی کوششوں اور مذاکرات کے ذریعے امن کے قیام پر توجہ دینی چاہیے۔ عالمی امن اور استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کے امن اور سفارت کاری کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے علاقائی امن کے فروغ کے لیے سفارتی سطح پر اہم کردار ادا کیا ہے۔

ملائیشین وفد نے پاکستان اور ملائیشیا کے عوام کے درمیان روابط کے فروغ کے لیے کی جانے والی مشترکہ کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی، پارلیمانی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔