ہومپاکستانوزیراعظم شہباز شریف سے شام کے وزیر خارجہ کی ملاقات، شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف سے شام کے وزیر خارجہ کی ملاقات، شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ

اسلام آباد (سب نیوز)وزیر خارجہ اسلامی جمہوریہ شام اسعد حسن الشیبانی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔وزیراعظم نے شامی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر احمد الشرع کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان سے اپنی حالیہ ملاقاتوں کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور شام کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو سیاسی، دفاعی، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا اور بڑی تعداد میں پاکستان سے شام آنے والے زائرین کو بھی سہولت ملے گی۔وزیراعظم نے شام کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر شام کے مقف کی بھرپور حمایت کرے گا۔

شامی وزیر خارجہ نے صدر احمد الشرع کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو شام کی سیاسی صورتحال اور تعمیرِ نو کی کوششوں سے آگاہ کیا۔شامی وزیر خارجہ نے گزشتہ برسوں کے دوران شام کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے تعاون کے لیے جلد باقاعدہ ادارہ جاتی طریقہ کار وضع کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔وزیراعظم نے صدر احمد الشرع کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔