مظفرآباد(سب نیوز) پاکستان کے پرچم کو آزاد کشمیر میں سربلند رکھنا سردار زاہد اور اکرم منصف کا جرم بن گیا۔13اگست کو راولپنڈی سے راولاکوٹ جاتے ہوئے سردار زاہد اور سردار اکرم کو نظریہ پاکستان کی حمایت کے جرم میں رہاڑہ کے مقام پر بھارتی ایجنڈے پر کاربند کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح کارندوں نے اغوا کرلیا۔
سردار زاہد اور سردار اکرم کے اغوا کے بعد لواحقین نے مقامی وفود کے ذریعے کالعدم تنظیم سے رہائی کی اپیل کی تاہم دونوں کے تاحال بازیاب نہ ہونے کے بعد متاثرین کے اہلِخانہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی مدد کی اپیل کردی۔لواحقین کا مطالبہ ہے کہ سردار زاہد اور سردار اکرم منصف کو فوری بازیاب کرا کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب کالعدم تنظیم کے نقاب پوش کارندے راولاکوٹ اور گردونواح میں موقع پاتے ہی نظریہ پاکستان کے حامیوں کے گھروں پر چھاپے مار رہے ہیں، کالعدم ایکشن کمیٹی نے رہاڑہ، ڈی چوک راولاکوٹ، کھائی گلہ اور تولی پیر روڈ پر مسلح ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
ماہرین کے مطابق کالعدم تنظیم کے مسلح غنڈوں کی جانب سے نظریہ پاکستان کے حامل افراد کی ناکوں پر تذلیل اور گھروں کو نذرِ آتش کرنے کی دھمکیاں معمول بن گئی ہیں۔ کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر کی جانب سے نظریہ پاکستان کے حامیوں کو اغوا اور ہراساں کرنا، بھارتی ایجنڈے پر کاربند ہونے کا واضح ثبوت ہے۔
