اسلام آباد (سب نیوز): پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے گلگت بلتستان میں براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے واقعے کے نتیجے میں چینی کوہ پیما کی المناک ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ متوفی چینی کوہ پیما کی میت وطن واپس بھیجنے کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے واقعے کے بعد پاکستان کی جانب سے بروقت امداد اور تعاون کو سراہا اور اس پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں علاقائی پیش رفت اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
اس موقع پر چینی سفیر نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی عوام اور قیادت کو دلی مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور آزمودہ دوطرفہ تعلقات کے عزم کا اعادہ کیا۔
