ہومتازہ ترینعاطف اکرام شیخ کی قوم کو 79ویں یومِ آزادی پر مبارکباد، معاشی استحکام کیلئے حکومت اور بزنس کمیونٹی کے مشترکہ کردار پر زور

عاطف اکرام شیخ کی قوم کو 79ویں یومِ آزادی پر مبارکباد، معاشی استحکام کیلئے حکومت اور بزنس کمیونٹی کے مشترکہ کردار پر زور


اسلام آباد: صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ آزادی قومی یکجہتی، اتحاد اور تجدیدِ عہد کا دن ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ آج کے دن ہم قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریکِ پاکستان کے تمام بانیان و رہنماؤں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان کو مضبوط معیشت، سیاسی استحکام اور پائیدار ترقی کی ضرورت ہے، جبکہ نجی شعبہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ، غیر ملکی و ملکی سرمایہ کاری کا فروغ اور صنعتی ترقی کو قومی معاشی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔ معیشت کی مضبوطی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہوں گے تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے دیے گئے اصولوں ’’اتحاد، ایمان اور تنظیم‘‘ پر کاربند رہنے کا پیغام دیتا ہے۔ پاکستان کی ترقی کے لیے حکومت اور بزنس کمیونٹی کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم ایک مضبوط، خوشحال، خودمختار اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان کے لیے متحد ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور اسے ترقی و خوشحالی کی نئی بلندیوں سے ہمکنار فرمائے۔
عاطف اکرام شیخ نے ایک بار پھر پوری قوم کو 79ویں یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔