اسلام آباد(سب نیوز)جشن آزادی کے سلسلے میں دارالحکومت اسلام آباد میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی)انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ڈی چوک، اسلام آباد میں اسلام آباد سٹی پریڈ 2026 کا انعقاد کیا جائیگا۔ اسلام آباد سٹی پریڈ کے پروگرام کا آغاز 14 اگست بروز جمعہ کو شام 5 بجے کے بعد کیا جائیگا۔ اس ایونٹ میں عوام الناس کیلئے بالکل مفت انٹری ہوگی۔ جسمیں فیملیز کیلئے علیحدہ انکلوژرز اور سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، اس میگا عوامی ایونٹ میں اسلام آباد پولیس کے مختلف سکواڈز، سمیت میوزیکل کنسرٹ جسمیں معروف گلوکارہ نمرہ مہرہ، گلوکار ساحر علی بگا اور دیگر فنکار پرفارم کرینگے۔ جبکہ بچوں کیلئے پپٹ شو، فلوٹس اور دیگر رنگا رنگ تفریحی سرگرمیوں سمیت آتش بازی کا اہتمام بھی کیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر سہیل اشرف نے متعلقہ افسران کے ہمراہ تقریب کے انتظامات اور ریہرسل کا تفصیلی جائزہ کرنے کیلئے ڈی چوک کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مقام پر پریڈ سے ہمارے بچپن کی بہت سی یادیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی سال قبل 23 مارچ کی پریڈ کا انعقاد یہاں کیا جاتا تھا جو بعد میں ختم کر دیا گیا۔ مگر اب اس پریڈ کا اہتمام دربارہ کیا گیا ہے اور اب اس پریڈ میں ہر شخص شرکت کر سکتا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ فیملیز کیلئے یہ بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پبلک تفریح چاہتی ہے تو جشن آزادی سے بہتر کوئی دوسرا اچھا آپشن نہیں ہو سکتا اور ہم سب اس پریڈ کیلئے انتہائی پرجوش ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ اس تقریب کیلئے ڈی چوک کی طرف سے آنے والوں کیلئے یہ راستے مکمل کھلے ہونگے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یوم آزادی کی مناسبت سے اس مقام پر تاریخی آتشبازی کا اہتمام بھی ھوگا۔
اسی طرح یہاں مختلف بینڈز، فولک آرٹسٹ پر فارم کرینگے۔ یہاں پبلک کیلئے چھ ہزار نشستیں لگائی ہیں اگر پندرہ ہزار افراد بھی آجائیں تو یہاں کافی جگہ ہوگی۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے کہا کہ ہم اس ایونٹ کو بہت اچھی طرح منعقد کروائیں گے اور اچھے سے اختتام کی جانب لیکر جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتنا بڑا ایونٹ ہے اسمیں میڈیکل ٹیمز اپنا میڈیکل کیمپ لگائیں گی اور فیملیز کیلئے الگ سے بیٹھنے کی جگہ بھی فراہم کی جائیگی۔ اگر کسی معذور شخص کو ویل چئیر چائیے ہوگی تو اسکو وہ بھی فراہم کی جائیگی۔ سی ڈی اے اور آئی سی ٹی انتظامیہ کی عوام الناس سے گزارش ہے کہ اس تاریخی جشنِ آزادی میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کریں جو دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ کے سب سے بڑے عوامی ایونٹس میں سے ایک ڈی چوک پر منعقد کیا جائے گا ۔
جشن آزادی کے سلسلے میں اسلام آباد میں کل ڈی چوک کے مقام پر تاریخی اسلام آباد سٹی پریڈ کا انعقاد کیا جائیگا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
