ہومتازہ ترینپاکستانی طلبا کے ویزوں میں تاخیر، برطانوی ہائی کمشنرکی معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی

پاکستانی طلبا کے ویزوں میں تاخیر، برطانوی ہائی کمشنرکی معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی

اسلام آباد (سب نیوز)پاکستانی طلبا کے برطانوی ویزوں میں تاخیر کے معاملے کو حل کرنے کی برطانوی ہائی کمشنر نے یقین دہانی کرا دی۔ وفاقی وزیر برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے پاکستانی طلبا کے برطانیہ کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ برطانوی ہائی کمشنر کے سامنے اٹھایا اور اس حوالے سے حکومت پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سینکڑوں پاکستانی طلبا برطانوی ویزوں میں تاخیر کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ ویزوں کے بروقت اجرا میں تاخیر سے طلبا کا تعلیمی سال ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبا کے لیے بیرون ملک تعلیمی مواقع میں حائل رکاوٹیں دور کرنا ضروری ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے ہائی کمشنر کو بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر بیرون ملک زیر تعلیم پاکستانی طلبا سے متعلق قانونی و ادارہ جاتی فریم ورک میں بہتری کے لیے ان کی سربراہی میں ایک کمیٹی کام کر رہی ہے۔ کمیٹی نے اس معاملے پر اپنی سفارشات بھی مرتب کرلی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی طلبا کے بیرون ملک تعلیم کے لیے قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک کو مزید مثر بنانے پر کام جاری ہے تاکہ طلبا کو تعلیمی مواقع کے حصول میں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستانی طلبا کے ویزوں میں تاخیر کا معاملہ حل کرنے کے لیے تعاون اور اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں وزیر مملکت برائے قانون، انصاف و انسانی حقوق بیرسٹر عقیل ملک بھی موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔