اسلام آباد (سب نیوز)نجکاری کمیشن پاکستان نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وزیراعظم کے معاون برائے نجکاری اور نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد علی کے نام سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بشمول واٹس ایپ اور فیس بک پر جعلی پروفائلز اور غیر مجاز اکاونٹس کے ذریعے فراڈ کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
نجکاری کمیشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بعض شرپسند عناصر محمد علی کی تصاویر، نام اور رابطہ معلومات کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے شہریوں سے رقم بٹورنے یا حساس ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی پیغام، فون کال یا سوشل میڈیا پروفائل پر اعتماد نہ کریں جو غیر مصدقہ نمبروں یا جعلی اکاونٹس کے ذریعے محمد علی کی نمائندگی کا دعوی کرے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی غیر تصدیق شدہ اکانٹ کے ساتھ اپنی ذاتی معلومات، بینکنگ تفصیلات، پاس ورڈز، ون ٹائم پاس ورڈز (او ٹی پی)یا شناختی دستاویزات شیئر نہ کریں اور نہ ہی کسی قسم کی رقم منتقل کریں۔نجکاری کمیشن نے کہا کہ اگر کسی شہری سے کسی جعلی پروفائل کے ذریعے رابطہ کیا جائے تو فوری طور پر اس اکاونٹ کو بلاک کیا جائے، متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر رپورٹ کیا جائے اور مزید رابطے سے گریز کیا جائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ معاملہ متعلقہ حکام اور سائبر کرائم اداروں کو رپورٹ کیا جا رہا ہے تاکہ ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔نجکاری کمیشن نے یہ انتباہ عوامی مفاد میں جاری کیا ہے اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ آن لائن فراڈ سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
نوسربازوں کی وزیراعظم کے معاون نجکاری محمد علی کے نام پر لوٹ مار کی کوشش، حکومت کا عوام کو محتاط رہنے کا مشورہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
