کراچی (آئی پی ایس )دفتر خارجہ اور جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں صومالیہ کے ساحل کے قریب ہائی جیک ہونے والے بحری جہاز ایم وی آنر 25 پر موجود 10 پاکستانی عملے کے ارکان میں سے 4 کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق یاسر خان، عقیل خان، امین بن شمس اور عثمان غنی کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، جو 3 اکتوبر کو کراچی پہنچیں گے۔
واقعے میں جاں بحق ہونے والے عملے کے 3 پاکستانی ارکان رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد انصاری کی میتیں بھی پاکستان واپس لائی جا رہی ہیں۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ اس سلسلے میں تمام ضروری قانونی اور دیگر رسمی کارروائیوں کو تیز کر دیا گیا ہے تاکہ میتوں کی جلد از جلد وطن واپسی ممکن بنائی جا سکے۔حکام نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاندان ایک انتہائی مشکل اور تکلیف دہ وقت سے گزر رہے ہیں۔
دوسری جانب جہاز پر موجود باقی 3 پاکستانی شہریوں عمران علی، یاسین محمد اور سید یوسف حسین کے ساتھ جہاز کے کپتان بھی تاحال موجود ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق ان تینوں پاکستانیوں کی محفوظ بازیابی اور جلد از جلد وطن واپسی کے لیے دوست ممالک کے ساتھ فعال رابطہ کاری جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وزارت خارجہ اس معاملے پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام پاکستانی شہریوں، بشمول جاں بحق افراد کی میتوں، کی جلد وطن واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔وزارت خارجہ نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔
