جدہ (خالد نواز چیمہ): پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے نائب صدر اور معروف قانون دان چوہدری مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ کی جدہ آمد کے موقع پر معروف کاروباری و سماجی شخصیات چوہدری بشیر صاحب، حافظ افضال احمد طور، چوہدری خالد نواز چیمہ اور عبدالرؤف سندھو نے ان سے ملاقات کی اور انہیں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان کی موجودہ سیاسی و سماجی صورتحال، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور پاکستان و سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکائے ملاقات نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے باہمی اتحاد، بھائی چارے اور وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
چوہدری مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی نہ صرف ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران شرکاء نے چوہدری مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ کی طویل اور شاندار وکالتی و سیاسی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ چوہدری مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ کا شمار ان قانون دانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے بار کی سطح پر بھی بھرپور خدمات انجام دی ہیں۔ انہیں 12 مرتبہ بار کے صدر منتخب ہونا ان کی وکلا برادری میں مقبولیت، اعتماد اور قائدانہ صلاحیتوں کا واضح ثبوت قرار دیا گیا۔
شرکائے ملاقات نے اس موقع پر کہا کہ چوہدری مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ کی مسلسل کامیابیاں ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، اصول پسندی، وکلا برادری کی خدمت اور عوامی روابط کا مظہر ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر چوہدری مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور ان کی عمرہ کی عبادت کی قبولیت، صحت و سلامتی اور مزید کامیابیوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور شرکاء نے آئندہ بھی باہمی رابطے اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
جدہ میں چوہدری مستنصر علی گوندل ایڈووکیٹ سے ملاقات، عمرہ کی سعادت پر مبارکباد
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
