مری(سب نیوز)یوم آزادی کی تقریبات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کیلئے مری میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے ڈی پی او مری کی سفارش پر آج سے 16 اگست تک مال روڈ اور جی پی او چوک پر دفعہ 144 نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔اس پابندی کے تحت مال روڈ اور جی پی او چوک پر صرف سیاح فیملیز کو داخلے کی اجازت ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں لکھا گیا ہے کہ پیچلرز(ہاکرز)کو سیاحوں کے ساتھ مری کے دیگر تفریحی مقامات پر جانے کی اجازت دی گئی ہے، مال روڈ کے علاوہ مری کے تمام دیگر تفریحی مقامات پر ہر سیاح کو بلا روک ٹوک داخلے اور تفریح کی اجازت حاصل ہو گی۔
ضلعی حکام کا کہنا تھا کہ یوم آزادی کے موقع پر بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے اس لیے مال روڈ جیسے حساس مقامات پر بھیڑ کم کرنے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔پولیس اور انتظامیہ نے سکیورٹی کے جامع انتظامات کر رکھے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے جب کہ سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کے احکامات کی پابندی کریں اور دیگر خوبصورت مقامات جیسے پتریاتا، کشمیر پوائنٹ، چیئر لفٹ اور دیگر علاقوں سے لطف اندوز ہوں۔
یوم آزادی، مری کے مال روڈ پر 16اگست تک دفعہ 144 نافذ، نوٹیفکیشن جاری
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
