ہومپاکستانپنجاب میں ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور میرج ہالز کی کچی رسیدوں کے اجرا پر مکمل پابندی، خلاف ورزی پر بھاری جرمانے ہونگے

پنجاب میں ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور میرج ہالز کی کچی رسیدوں کے اجرا پر مکمل پابندی، خلاف ورزی پر بھاری جرمانے ہونگے

لاہور(سب نیوز)ریسٹورنٹس، ہوٹلز، کافی شاپس اور میرج ہالز میں ٹیکس ادائیگی میں مبینہ ہیر پھیر کیخلاف پنجاب ریونیو اتھارٹی نے بڑا اقدام کرتے ہوئے صوبہ بھر میں کچی رسیدوں کے اجرا پر مکمل پابندی عائد کر دی۔چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی ہدایت پر تمام اضلاع کے کمشنرز نے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور میرج ہالز کیلئے ای آئی ایم ایس کے ذریعے رسید جاری کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ای آئی ایم ایس کے تحت رسید جاری نہ کرنے والے کاروباروں کو 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کی صورت میں کاروبار کو ایک ماہ تک سیل بھی کیا جا سکے گا۔پنجاب ریونیو اتھارٹی نے کارِ سرکار میں مداخلت، سیلز ریکارڈ میں خردبرد یا ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی صورت میں بھی سخت قانونی کارروائی کی تنبیہ کی ہے۔
نوٹیفکیشن میں صارفین کو کچن آرڈر سلپس، غیر ادا شدہ بل یا اس نوعیت کی دیگر رسیدیں جاری کرنے پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، کاروباری مراکز کو صارفین کیلئے ایسی رسید جاری کرنا لازم ہوگا جس پر کاروبار کا نام، پتہ، رسید نمبر اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کا کیو آر کوڈ درج ہو۔پی آر اے کے چیئرمین معظم اقبال سپرا کی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع کے کمشنرز نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیئے ہیں۔پنجاب ریونیو اتھارٹی حکام کے مطابق اقدام کا مقصد ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت لانا، سیلز ریکارڈ کو ڈیجیٹل بنانا اور ٹیکس چوری کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔