اسلام آباد(سب نیوز) آل پاکستان انجمن تاجران اور ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے صدر اجمل بلوچ کی قیادت میں تاجر نمائندوں کے ایک وفد نے وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سے ہیڈ آفس میں ملاقات کی۔ملاقات میں ایف بی آر کے ممبر پالیسی حامد عتیق اور ڈی جی پالیسی ڈاکٹر نجیب بھی موجود تھے۔
وفد میں آل پاکستان انجمن تاجران پنجاب کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ، نائب صدر رانا خرم، ساجد بٹ، نائب صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان چوہدری، سیکرٹری اطلاعات خالد چوہدری، آب پارہ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری اختر عباسی، ابرار احمد، انجمن تاجران آئی-9 مرکز کے صدر صفدر عباسی اور دیگر تاجر نمائندگان شامل تھے۔ملاقات کے دوران چھوٹے تاجروں کے لیے متعارف کرائی جانے والی آسان تاجر ٹیکس سکیم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ اس سکیم کے لیے تیار کی گئی نئی موبائل ایپ بھی متعارف کرائی گئی۔وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آسان تاجر ٹیکس سکیم سے چھوٹے تاجروں کو نمایاں ریلیف ملے گا۔ تاجر خود اپنا فارم پر کر سکیں گے، ٹیکس کا تعین بھی ایک آسان طریقہ کار کے تحت کیا جائے گا، جبکہ 14 اگست کے بعد تاجر نمائندوں کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں اس سکیم کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ اور پنجاب کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ نے کہا کہ نئی سکیم کے تحت چھوٹے تاجروں کو پی او ایس اور آڈٹ جیسے پیچیدہ مراحل سے نجات ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سکیم کی تیاری میں تاجر برادری سے مکمل مشاورت کی ہے، جس پر وہ حکومت کے شکر گزار ہیں، اور تاجر برادری اس سکیم کو کامیاب بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔
آسان تاجر سکیم سے چھوٹے تاجروں کو ریلیف ملے گا،وزیر مملکت بلال اظہر کیانی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
